یوم ولادتِ سید الطریقت، امام العارفین، شاہ سید محمد نوربخش قہستانیؒ
آج 14 شعبان المعظم 1446 ہجری، وہ بابرکت دن ہے جب علم و عرفان، زہد و تقویٰ اور روحانی عظمت کے مظہر، امام العارفین شاہ سید محمد نوربخش قہستانیؒ کی ولادت ہوئی۔ آپؒ نہ صرف اپنے دور کے جلیل القدر عالم، فقیہ، صوفی اور مصلح تھے بلکہ آپؒ کی تعلیمات نے صدیوں تک طالبانِ حق کے قلوب کو منور کیا اور آج بھی لاکھوں دلوں میں نور بن کر روشن ہیں۔
آپؒ کی حیاتِ مبارکہ ایک نظر میں:
آپؒ کا نسب سترہ واسطوں سے حضرت امام موسیٰ کاظمؑ سے جا ملتا ہے۔ آپؒ نے بچپن ہی میں قرآن کریم حفظ کیا اور صرف 17 برس کی عمر میں علومِ دینیہ میں کمال حاصل کر لیا۔ علمی تشنگی کے باعث مختلف اساتذہ سے اکتسابِ علم کیا، حتیٰ کہ فقہ، تصوف، عقائد اور دیگر علوم میں ایسا کمال پایا کہ علمائے عصر آپ کے علم و فضل کے معترف ہوگئے۔
آپؒ کے مرشدِ کامل حضرت خواجہ اسحاق ختلانیؒ نے آپ کی روحانی عظمت کو پہچانتے ہوئے نہ صرف آپ کو "نوربخش" کا لقب عطا کیا بلکہ خود آپؒ کے ہاتھ پر بیعت کرلی، جو تاریخِ تصوف میں ایک نادر اور حیرت انگیز واقعہ ہے۔
تعلیماتِ نوربخشؒ – ایک پیغام برائے امت
شاہ سید محمد نوربخش قہستانیؒ کی تعلیمات کا خلاصہ اتباعِ قرآن و سنت، محبتِ اہل بیت، معرفتِ الٰہی، تزکیۂ نفس اور اصلاحِ معاشرہ ہے۔ آپؒ نے اسلامی اصولوں کی روشنی میں ایک معتدل فکری و عملی نظام دیا، جو نہ صرف ظاہری علوم پر مبنی تھا بلکہ روحانی ترقی کی راہ بھی متعین کرتا تھا۔ آپؒ نے مختلف اسلامی مکاتبِ فکر میں موجود خرافات و اختلافات کو ختم کرنے کی کوشش کی اور امت کو اتحاد و یگانگت کی تلقین فرمائی۔
آپؒ کی سب سے بڑی علمی خدمت "فقہ الاحوط" اور "کتاب الاعتقادیہ" جیسی شہرۂ آفاق تصانیف ہیں، جو آج بھی اہلِ علم و فقہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
نوربخشی پیروکاروں کے لیے پیغام
آج جب کہ دنیا فتنہ و فساد، فرقہ واریت اور فکری گمراہی میں مبتلا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم شاہ سید محمد نوربخشؒ کی تعلیمات کو اپنائیں، ان کی تصانیف کا مطالعہ کریں، ان کے علم و عرفان سے روشنی حاصل کریں اور ان کے پیغام کو دنیا میں عام کریں۔
نوربخشی پیروکاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آپؒ کے فکر و فلسفہ کو آگے بڑھائیں، حق و صداقت کی شمع کو روشن رکھیں اور دنیا کے سامنے دینِ اسلام کی حقیقی روح پیش کریں۔
دعا:
اللّٰہ تعالیٰ ہمیں تعلیماتِ نوربخشؒ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کے روحانی فیوض و برکات سے بہرہ مند کرے۔ آمین یا رب العالمین!
